سری نگر، 8/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی پر وادی میں کشیدگی کے درمیان اس کے والد سے علاقے میں امن اور سکون قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔برہان کے والد مظفر احمد وانی نے ایک ویڈیو میسیج جاری کرکے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی برسی پر کسی طرح کے ناخوشگوار واقعہ یاخون خرابہ نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے سب سے امن اور سکون بنانے کی اپیل کی۔اس کے ساتھ ہی وانی نے کہاکہ میرے بیٹے کو مرے ایک سال ہو گئے، لیکن ریاستی حکومت اور پولیس آج بھی اس سے ڈرتی ہے، اسی وجہ سے اس نے ہر جگہ پابندی لگا رکھی ہے۔غورطلب ہے کہ 8/مئی 2016کو وادی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہوئے تصادم میں برہان وانی کوہلاک کردیا گیا تھا،اس کی موت کے بعد وادی میں بڑے پیمانے پر تشدد بھڑک اٹھا تھا اور مہینوں تک وادی کا ماحول خراب رہا تھا۔وہیں برہان کی پہلی برسی کے موقع پر کشیدگی کے خدشہ کے پیش نظر وادی کشمیر ہائی الرٹ پر ہے، انتظامیہ نے امرناتھ یاترا کو بھی ایک دن کے لیے روک دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی پلوامہ ضلع میں واقع برہان کے آبادی شہر ترال میں کرفیو لگا دیا گیا، یہاں پلوامہ، کولگام، شوپیاں اور اننت ناگ ضلع میں کئی جگہ پر برہان کے حامی سڑکوں پر نکل آئے تھے، جس کے بعد انتظامیہ نے ترال میں غیر معینہ کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا۔ترال کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں بڑی تعداد میں پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کو تعینات کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی سری نگر کے پرانے شہر کے علاقوں، بارہمولہ، سوپور، پلوامہ، اننت ناگ کے علاوہ کچھ دیگر حساس جگہوں پر دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ریاستی حکومت نے تمام تعلیمی اداروں میں 6/جولائی سے 10/دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔